لاہور: (ویب ڈیسک) دین کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی نور بخاری کیلئے سکیورٹی خدشات پیش ہو گئے۔ انسٹا گرام پر سوشل میڈیا پوسٹس کو وجہ قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق عام طور پر شوبز شخصیات اور معروف افراد سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ بہتر روابط رکھنے کے چکر میں زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا پوسٹس کرتے ہیں اور انہیں اس بات کا احساس تک نہیں ہوتا کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنے کے لیے کس طرح کے سیکیورٹی خدشات پیدا کر رہے ہیں۔
سابق اداکارہ نور بخاری نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ کس طرح انکی سوشل میڈیا پوسٹس ان کیلئے سیکیورٹی خدشہ بنیں اور کیسے ان کی پوسٹس دیکھ کر انجان خاتون ان سے ملنے ان کے گھر تک پہنچ گئیں۔
نور بخاری نے پوسٹ میں سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انجان خاتون ان کے گھر آئیں اور ان سے ملتے ہی کہا کہ وہ انہیں انسٹاگرام پر فالو کرتی ہیں۔ خاتون نے بتایا کہ وہ سابق اداکارہ کی سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کر ان کا گھر تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور ان سے ملنے آگئیں۔
سابق اداکارہ نے لکھا کہ انجان خاتون کی جانب سے ان کی پوسٹس دیکھ کر ان کا گھر تلاش کرنا اور پھر ان سے ملنے آنا بہت خوفناک ہے اور وہ مذکورہ عمل سے ڈر گئی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ اب بہت ڈری ہوئی ہیں اور وہ ایسے کسی بھی انجان شخص سے نہیں ملتیں۔
نور بخاری نے اپنے مداحوں کو اپیل کی کہ ان کی محبت کی وہ قدر کرتی ہیں مگر وہ ایسے عمل نہ کریں، جن سے وہ ڈر جائیں اور انہیں سیکیورٹی خدشات لاحق ہوں، کیوں کہ ایسا عمل کسی کی نہ چاہتے ہوئے بھی نگرانی کرنے اور اسے ایک طرح سے ہراساں کرنے کے برابر ہوتا ہے۔
اگرچہ نور بخاری نے مداحوں کو اپیل کی کہ وہ ان کی پوسٹس دیکھ کر ان کے گھر تک نہ پہنچیں اور انہیں نہ ڈرائیں لیکن انہوں نے مداحوں یا شوبز شخصیات کو یہ ہدایت نہیں کی کہ وہ اس قدر معلوماتی سوشل میڈیا پوسٹس نہ کریں، جس سے ان کے لیے سیکیورٹی خدشات پیدا ہو جائیں۔