خرابی صحت کے باوجود فرائض کی سر انجام دہی، عمران عباس یاسمین راشد کے معترف

Published On 17 June,2021 04:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی کینسر کی بیماری کی حالت میں کام کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عموماً جب بھی سیاستدان اور حکومتی عہدیدار کچھ غلط کرتے ہیں تو انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن چند افراد ہی انہیں اچھا کام کرنے پر سراہتے ہیں۔

اداکار عمران عباس بھی ان چند لوگوں میں سے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کو سراہا ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، کینسر کے مرض کا مقابلہ کرنے کے باوجود پنجاب میں کورونا ویکسینیشن پروگرام کی سربراہی کررہی ہیں۔

اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا کہ پاکستانی شہری 70 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے ہمارے لیے دن رات کام کررہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے بال، اپنی صحت کھو چکی ہے اور وہ اپنی توانائیاں کھو رہی ہے لیکن پھر بھی انہوں نے پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنے کا اپنا شوق ختم نہیں کیا۔

عمران عباس نے ان کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ایک لمبی اور تندرست زندگی گزاریں گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا علاج جاری ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ برس دسمبر میں ان کا بریسٹ کینسر کا آپریشن ہوا تھا۔ میری 12 کیموتھراپیز ہونا تھیں جن میں سے 11 مکمل ہو چکی ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا تھا کہ ان کی بیماری کی تشخیص بہت جلد ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ان کا کامیاب آپریشن بھی ہوا اور اب ان کی صحت تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔

Advertisement