کراچی: (دنیا نیوز) مصوری کے منفرد نمونے پیش کر کے انہیں تخلیقی شاہکار بنانے والے معروف پاکستانی مصور اور خطاط صادقین کی 35 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
مصور، خطاط اور نقاش سید صادقین احمد نقوی 1930 میں ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنا آرٹ، ایشیا ، امریکہ ، برطانیہ ، یورپ اور مشرق وسطٰی میں پھیلایا۔ صادقین نے غالب ،اقبال اور فیض کی شاعری پر مبنی کلاسیکل لٹریچر پینٹ کیا جبکہ اسلامی خطاطی ان کا طرہ امتیاز تھی۔
صادقین کے فن کے نمونے فیصل مسجد اسلام آباد، فرئیر ہال کراچی، کراچی نیشنل میوزیم، لاہور میوزیم ، سٹیٹ بینک آف پاکستان میں موجود ہیں جبکہ سرحد پار تاریخی عمارات اور یونیورسٹیوں کی بھی زینت بنے اور دنیا کے ممتاز عجائب گھروں میں موجود ہیں۔
حکومت پاکستان نے صادقین کوستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس ا یوارڈ سے نوازا ۔ صادقین 10فروری 1987 کو فریئر ہال کی چھت کو پینٹ کرنے کےدوران انتقال کر گئے۔