لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ مشی خان نے عامر لیاقت کو ملک چھوڑنے کے لئے ٹکٹ کی پیشکش کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ مشی خان نے کہا کہ عامر لیاقت روز کیمرہ آن کرکے اپنی فلاپ ترین ایکٹنگ شروع کردیتے ہیں، کبھی رو رہے ہوتے ہیں اور کبھی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ میں پاکستان چھوڑ کر جارہا ہوں، تو میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ آپ کب جارہے ہیں؟ اگر ٹکٹ کا مسئلہ ہے تو ہم سب ملکر آپ کا ون وے ٹکٹ کرواتے ہیں تاکہ آپ جاکر وہاں سکون کریں، اپنے دماغ کا علاج کروائیں۔
اپنی ویڈیو میں جاری پیغام میں مشی خان نے عامر لیاقت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ جو غرور ہے اس نے آپ کو ڈبو دیا ہے، یہ مکافات عمل بھی ہے، اس دن کو یاد کریں جب جنید جمشید کی والدہ کے بارے میں آپ نے آن ایئر کیا کہا تھا، میں نے وہ سنا تھا اور سوچا کہ یہ اس انسان نے کیا کہا ہے، اور جنید جمشید اچھا انسان تھا کہ انہوں نے صرف یہ کہا کہ اس چیز سے وہ اور ان کی فیملی کو بہت تکلیف پہنچی ہے اور بعد ازاں ان کی وفات ہوگئی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے کہ اگر آپ میری والدہ کے بارے میں ایسا کہتے تو میں آپ کی طبیعت صاف کردیتی اور آپ کا منہ توڑ دیتی، جنید جمشید اچھا انسان تھا جو انہوں نے آپ کو کچھ نہیں کہا، اب یہاں سے چلے جائیں اور اپنا رونا دھونا چھوڑ دیں، غرور کا سر نیچا ہوتا ہے، اب بہت دیر ہوچکی ہے۔