لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار شان شاہد نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ سنبھالنے پر مبارک باد دینے پر نام لیے بغیر سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق شان شاہد کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنے سیاسی خیالات کا برملا اظہار کرتے ہیں، وہ سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حامی کے طور پر دیکھے جاتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکار نے لکھا کہ کچھ کرکٹرز نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی لیکن اب وہ اتنے خاموش ہیں آپ انہیں روتے ہوئے سن سکتے ہیں۔
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) July 27, 2022
شان شاہد کی اس تنقید کا نشانہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی تھے جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ملک کا 23 واں وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی تھی۔
عمران خان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں سابق آل راؤنڈر نے آن لائن ٹرولنگ کے بعد ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) April 11, 2022
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ملک کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دینے پر کیا ردعمل ملے گا۔
آفریدی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عمران خان کو ایک لیڈر کے طور پر دیکھا ہے لیکن میں ان کی پالیسیوں یا نظریے سے اختلاف کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔