ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے معروف بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی عمرے سے واپسی مشکوک بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان عمرے سے واپسی کے بعد ماتھا ٹیکنے وشنو دیوی کے مندر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا نے گزشتہ دنوں عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان سے متعلق اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ اب وہ جموں و کشمیر کے وشنو دیوی کے مندر میں دکھائی دیے ہیں۔ مختلف سوشل پلیٹ فارمز پر وائرل ایک ویڈیو سے متعلق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس میں سیاہ رنگ کی ہُڈی پہنے اداکار شاہ رخ خان ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جائے تو اس میں موجود شخص کا چہرہ ہُڈی سے ڈھنپا ہوا ہے تاہم سکیورٹی گارڈز کی موجودگی اور چال ڈھال کو بنیاد بناتے ہوئے ہندوستانی میڈیا یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے آنے والی فلم کی کامیابی کے لیے وشنو دیوی کے مندر میں پوچا کرنے آئے تھے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی آنے والی فلم پٹھان 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم جوان اور ڈُنکی بھی 2023ء میں ہی ریلیز کی جا رہی ہیں۔