لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء نے کہا ہے کہ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جنہیں زندگی میں لازمی توڑنا پڑتا ہے نہیں تو اور بہت کچھ ٹوٹ جاتا ہے۔
اداکارہ ثناء نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں زندگی میں جنہیں لازمی توڑنا پڑتا ہے نہیں تو بہت کچھ اور ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اس ٹوٹے ہوئے رشتے کے ساتھ آپ کو زندگی گزارنی پڑتی ہے۔
ثناء نے کہا کہ لوگ ہم اداکاروں کی زندگی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور کبھی کبھی ان سب چیزوں سے لطف اندوز بھی ہونا چاہتے ہیں لیکن یہ سب کچھ تفریح کے لیے نہیں ہے، کچھ چیزوں کو الگ کرنا بہت ضروری ہوجاتا ہے، ہر ایک کی زندگی کی منزلیں مختلف ہوتی ہیں۔
طلاق سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ اللّٰہ کبھی دو اچھے لوگوں کو الگ نہیں کرتا اور اگر کبھی علیحدگی ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے ان میں سے کوئی ایک منافق ہے، میں اپنی نجی زندگی سے لوگوں کو بہت زیادہ انٹرٹین نہیں کرسکتی ، طلاق کی وجہ وہی ہے جوکہ آپ سب پہلے سے ہی جانتے ہیں کہ میری زندگی میں بہت کچھ خراب ہورہا تھا تو میں نے طلاق لینے کا فیصلہ کرکے بہت کچھ محفوظ کرلیا۔