لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے گزشتہ دنوں اپنے ایک پرانے تعلق کے حوالے سے دیے گئے بیان کی وضاحت جاری کردی۔
گزشتہ دنوں اداکارہ عائشہ عمر ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں ہونے والے واقعات کے حوالے سے بات کی، ائشہ عمر نے اپنے 8 برس پرانے رشتے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کے ساتھ میری بات پکی ہوئی تھی وہ دن رات گالیاں دیتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً بات پکی ہو چکی تھی، ہم فیملی کی طرح تھے، اس رشتے کو ختم کرنے کے لیے مجھے بہت وقت لگا کیونکہ مجھے لگا کہ شاید وہ ٹھیک ہو جائے گا، میرے پیار سے وہ بدل جائے گا، لیکن جب ایک دن اس نے مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا تو میں نے فیصلہ کرلیا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے، میں نے بالا آخر یہ رشتہ ختم کردیا۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں، صارفین کا خیال تھا کہ وہ شخص سکندر رضوی ہے، جس کی عائشہ عمر کے ساتھ ماضی میں تصاویر سامنے آچکی ہیں۔
اب عائشہ عمر نے ان قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وہ شخص سکندر رضوی نہیں بلکہ اُن کے خاندان کا ایک لڑکا تھا جس کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں اُس کا نام بتانا پسند کروں گی کیونکہ دونوں گھرانوں میں آج بھی ایک اچھا رشتہ قائم ہے۔