آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز حیا فاطمہ کی فلم ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد

Published On 03 August,2023 01:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز حیا فاطمہ اقبال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے سٹوری پوسٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی فلم ایمی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوئی ہے۔

فلمساز حیا فاطمہ کی مختصر فلم  ایز فار دے کین رن  کو بہترین دستاویزی فلم کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے، فلم سے متعلق گفتگو میں حیا کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ فلم میرپور خاص اور اردگرد کے علاقوں میں رہنے والے بچوں کی زندگیوں کے بارے میں ہے جو ذہنی معذوری کا شکار ہیں اور پھر انہیں کھلاڑی بننے کی تربیت دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں ان بچوں اور کوچز کی محنت سے متعلق اپنے کام کے ذریعے دنیا کو بتا سکوں تاکہ یہ بچے مزید اونچی اڑان بھر سکیں، فلم میں شامل ثنا کپری نامی بچے نے گزشتہ ماہ برلن میں ہونے والے خصوصی اولمپکس میں حصہ لیا تھا۔

حیا فاطمہ نے کہا کہ یہ فلم غلام اور سجاول کی کہانیوں پر بھی مبنی ہے جنہیں ان کا اپنا خاندان ذہنی معذوری کے باعث قبول کرنے کو تیار نہیں ہے اور وہ انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ حیا فاطمہ اقبال پاکستان کی نامور دستاویزی فلمساز ہیں، وہ اس سے قبل ایک اکیڈمی اور دو بار ایمی ایوارڈز حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر چکی ہیں۔