عدنان صدیقی کی ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کیلئے طنزیہ پوسٹ

Published On 12 November,2023 10:01 am

لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کیلئے طنزیہ پوسٹ جاری کر دی۔

گزشتہ روز کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر قومی ٹیم کو میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی پر شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ دیکھا جا رہا ہے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کر رہے ہیں، پاکستان کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کیلئے طنزیہ پوسٹ جاری کی ہے۔

عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر قومی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کی جس میں وہ سوٹ کیس لئے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

اداکار نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آجاؤ میرے بچو گھر بہت اُداس ہے‘‘۔

عدنان صدیقی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ ’’اگر قومی ٹیم کے جیتنے پر ہم جشن مناتے ہیں تو ہارنے پر بھی ہمارے کھلاڑیوں کو عوام کے سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے‘‘۔

صارف نے کہا کہ ’’ہماری ٹیم ہمارا فخر ہے اور ہمیشہ ہمارا فخر رہے گی‘‘۔