کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکاروں سے ملاقات کی اور انہیں اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا ۔
رپورٹ کے مطابق کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں ملک کے نامور فنکاروں کے وفدسے ملاقات کی،وفد میں عدنان صدیقی، محمود اسلم، حنا دلپذیر، فیصل قریشی اور عائشہ عمرسمیت دیگر فنکار بھی شامل تھے، فنکاروں کے وفد نے گورنر سندھ کے ہمراہ قائد روم اورآئی ٹی کلاسز کی مارکی کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر فنکاروں سے اظہار خیال کرتے ہوئے گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ فنکار معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں، وہ اپنی اداکاری سے معاشرے میں موجود خامیوں کو اجاگر کرتے ہیں،پاکستان کے فنکار صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے ملاقات کے بعد فنکاروں کی خدمات کے لیے اُنہیں اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔