لاہور: (ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے صدارتی ایوارڈ ملنے پر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال و گلوکار راحت فتح کو ‘دم والا پانی’ کا طنز کردیا۔
گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ملک کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے افراد کو صدارتی و سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی موسیقار راحت فتح علی خان کو پاکستانی اور جنوبی ایشیائی موسیقی کی صنعت کے لیے خدمات پر پاکستان کا دوسرا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "ہلال امتیاز" عطا کیا گیا۔
راحت فتح علی خان نے ایوارڈ ملنے کی ویڈیو فوٹوا ینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کیساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ معزز صدر کی طرف سے مجھے ہلالِ امتیاز اور ستارہ امتیاز ایوارڈز سے نوازا گیا۔
راحت فتح علی خان کو صدارتی ایوارڈ ملنے کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے شروع کردیئے جن میں پاکستانی اداکارہ و میزبان جویریہ سعود بھی شامل تھیں۔
جویریہ سعود نے دلچسپ انداز میں راحت فتح علی خان کے پیر کے پانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "بابا کا دم کیا ہوا پانی کام آگیا"۔
رواں سال 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی دوسری بوتل (شراب) نہیں تھی بلکہ اُس بوتل میں میرے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل میرے شاگرد سے کھو گئی تھی۔