ماریہ واسطی نے شوبز سے دوری کیوں کی؟ اداکارہ نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

Published On 26 June,2025 10:08 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ ماریہ واسطی نے اسکرین سے دوری کی وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔

ماریہ واسطی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سے اپنی عارضی دوری کی وجوہات اور فنی سفر پر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی خاص وجہ سے اسکرین سے دور نہیں ہوئیں، بلکہ وہ ایک منفرد، تخلیقی اور چیلنجنگ کردار کی تلاش میں ہیں، جو ان کی اداکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کر سکے۔

ماریہ واسطی کے مطابق انہیں کئی اسکرپٹس موصول ہوئے تاہم ان میں وہ نیا پن اور گہرائی موجود نہیں تھی جس کی وہ متلاشی ہیں، انہوں نے موجودہ ڈرامہ انڈسٹری میں یکسانیت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ آج کل کے کرداروں میں تنوع اور گہرائی کی کمی ہے۔

پی ٹی وی کے دور کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کیے گئے کردار ان کے دل کے بہت قریب ہیں، کیونکہ وہ ان میں خود کو پوری طرح جذب کر لیتی تھیں، اداکارہ نے کہا کہ جب انہیں کوئی ایسا کردار آفر ہوگا جس کو وہ تلاش کر رہی ہیں وہ ضرور اسکرین پر واپسی کریں گی۔