نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ خان کو فلم جوان میں ان کے کردار کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ مل گیا، جو ان کے شاندار کیریئر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا اور تین دہائیوں پر محیط ایک شاندار کیریئر کے بعد فلم جوان میں شاہ رخ خان کی کارکردگی نے انہیں بہترین اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ دلا دیا جو ہندوستان کے سب سے مشہور ستاروں میں سے ایک کے لیے ایک طویل انتظار کا حاصل اور جذباتی سنگِ میل ہے۔
وہ 33 سالہ شاندار کیریئر کے بعد آخر کار اپنا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ گھر لے جا رہے ہیں، یہ اعزاز ایک طویل عرصے سے واجب الادا تھا، کیونکہ انہیں اکثر کیریئر کی بہترین کارکردگی کے باوجود نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔
بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے 1992ء میں فلم دیوانہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی ملک کے سب سے پسندیدہ اور کامیاب اداکاروں میں سے ایک بن گئے۔
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) August 1, 2025
دل والے دلہنیا لے جائیں گے، سوادیس، چک دے انڈیا اور مائی نیم از خان جیسی متعدد تنقیدی طور پر سراہی جانے والی اور بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے کے باوجود یہ بھارتی قومی ایوارڈ اب تک ان کی پہنچ سے دور رہا تھا، 2010ء میں شاہ رخ نے مائی نیم از خان میں رضوان خان کے کردار سے ناظرین کو حیران کر دیا جو ایسپرجر سنڈروم نامی بیماری میں مبتلا اور نائن الیون کے بعد کی دنیا میں زندگی گزار رہا ہوتا ہے۔
اس کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر سراہا اور کئی بین الاقوامی اعزازات دلائے تاہم بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ امیتابھ بچن کو فلم پا کے لیے دے دیا گیا، جہاں انہوں نے پروجیریا کے مرض میں مبتلا ایک بچے کا کردار ادا کیا تھا۔
نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرنے میں انہیں کافی سال لگ گئے لیکن یہ اعزاز حاصل کرنا اس بات کی تصدیق کرتا ہے جو ناظرین طویل عرصے سے مانتے ہیں کہ شاہ رخ خان ناصرف پسندیدہ سپر اسٹار ہیں بلکہ بھارتی سنیما کے اب تک کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔