مردوں کی انا کا سامنا کرنے کیلئے خود کو بے وقوف ظاہر کرتی ہوں: جھانوی کپور

Published On 25 October,2025 02:32 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری میں بطور خاتون اداکارہ مردوں کی انا سے نمٹنے کے لیے ان کے سامنے خود کو بے وقوف ظاہر کرتی ہیں تاکہ کوئی ناراض نہ ہو۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق جھانوی نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں مردوں کی انا کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ میرے کام کے ماحول میں مجھے کچھ مراعات حاصل ہیں لیکن میرے لیے یہ زیادہ تر چینلجز مردوں کی انا کے ساتھ نمٹنے کے حوالے سے رہے ہیں۔

جھانوی کپور نے بتایا کہ اگر میری کوئی رائے ہو جیسے کہ حال ہی میں ایسی جگہوں پر میں موجود رہی ہوں جہاں میں اپنی بات بلا جھجک کہہ سکتی تھی، لیکن میں اُن جگہوں پر بھی رہی ہوں جہاں مجھے خود کو بیوقوف ظاہر کرنا پڑا۔

اداکارہ نے کہا کہ آپ کو خود فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ کن معاملات میں شامل ہونا ہے اور کن سے دور رہنا ہے اور یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ کس طرح اپنی بات کسی کو ناراض کیے بغیر کہی جائے۔

جھانوی کپور نے کہا کہ وہ اکثر ایسا ظاہر کرتی ہیں جیسے انہیں سین سمجھ نہیں آ رہا بجائے اس کے کہ وہ اس سے اختلاف کریں، مجھے معلوم ہے یہ بات منطقی نہیں لگتی لیکن میں اسے جانے دوں گی اور اگلی بار میں اپنی رائے بتاؤں گی۔