لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے پاکستانی اور مسلم کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس بارے جعلی خبروں سے محتاط رہیں۔
برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل لین اوین نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس اہم مسئلے کی جانب میڈیا کی توجہ مبذول کروائی اور کہا کہ جرائم پیشہ افراد وبائی بحران سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی متعدد جھوٹی خبریں سامنے آئیں، جس میں لوگوں کو جھوٹے مفت مشوروں اور مدد کی پیشکش کی گئی تھی۔ ایسی مثالیں بھی سامنے آئیں جن میں لوگوں سے پیسے اینٹھنے کیلئے کہا گیا کہ آپ نے لاک ڈاؤن کے دوران قانون کی خلاف ورزی کی، اب آپ کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مجرم خود کو طبی عملے کا فرد ظاہر کرتے ہوئے عوام سے فیس ماسک اور سینی ٹائزر دینے کے عوض بھی رقم اینٹھتے ہیں، لیکن ان کمپنیوں کا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔
لین اوین نے بتایا کہ ایسے کیس بھی سامنے آئے ہیں جن میں لوگوں میسجز کے ذریعے حکومت کی جانب سے مالی امداد کا لالچ بھی دیا گیا۔ ایسے ہی ایک جوڑے کو فون پر بتایا گیا کہ انہیں 50000 پونڈز فی کس کی پیشکش کی گئی ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی کو ذاتی معلومات یا رقم فراہم کرنے سے قبل احتیاط کریں۔