کورونا وائرس اور ویکسین: بانی مائیکرو سافٹ بل گیٹس جعلی خبروں کی زد میں

Last Updated On 30 May,2020 11:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے بارے میں خبریں زیرگردش ہیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ان کا ہاتھ ہے اور وہ کورونا کی ویکسین تیار کرکے اپنے خاص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا یر سازشی کہانیاں بنانے والوں کی جانب سے پھیلائی گئی جعلی خبریں اور تصاویر مختلف زبانوں میں گردش کر رہی ہیں جن میں ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بل گیٹس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلا ہے۔

بل گیٹس پر تنقید کی وجہ یوٹیوب پر بل گیٹس کے بیان کی اپ لوڈ کی گئی ویڈیو بنی جسے اب تک کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں جس بعد بل گیٹس پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دنیا کی 15 فیصد آبادی کو ویکسینیشن اور الیکٹرانک مائیکرو چپس سے مٹا دینا چاہتے ہیں۔

بل گیٹس پر الزامات پر ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات سے وائرس کو ختم کرنے کے کام میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بل گیٹس نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے 25 کروڑ ڈالر (تقریباً چالیس ارب روپےسے زائد) کی امدادی رقم کا وعدہ کیا تھا جس کے بعد بل گیٹس کے مخالف مختلف حلقوں سے سوالات اٹھانا شروع کردئیے۔

بل گیٹس اس سے قبل بھی مختلف کمیونٹی اور مذہبی رہنماؤں کے نشانے پر رہے ہیں۔ بل گیٹس پر ماضی میں بھی الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ وہ پولیو ویکسین کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔۔

خیال رہے کہ اس سے قبل میں فائیو جی نیٹ ورکس اور ہنگری نژاد امریکی ارب پتی جارج سوروس پر بھی کووڈ 19 کو تخلیق کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔