نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت نے ایک بار پھر پاکستانی جاسوس کبوتر پکڑنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے ہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے سرحدی علاقے سے پاکستان کا جاسوس کبوتر پکڑ لیا ہے۔
بھارتی فوج نے کہا کہ اس کبوتر پر شک ہے کہ یہ جاسوسی کی ٹریننگ لیتا رہا ہے۔ انڈین میڈیا میں ڈھٹائی کیساتھ کہا جا رہا ہے کہ کبوتر کے ساتھ کوڈڈ میسج بھیجا گیا تھا جس کو مبینہ طورپر ڈی کوڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا پر نشر یہ خبر بھارت کی جگ ہنسائی کاباعث بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے خبر کو آڑے ہاتھوں لیا، جب کہ دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ امریکی کامیڈین جیریمی میکلین نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی حکام کوتنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کے لیے آج ایک غمگین دن تھا کیوں کہ بھارت نے بہترین ایجنٹ کبوتر کو پکڑ لیا، جبکہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھارتی میڈیا کو بے وقوف قرار دے دیا۔
یاد رہے اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے پاکستانی جاسوس کبوتر پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم بھارت کا دلچسپ جھوٹ اسی کی جگ ہنسائی کا باعث بن گیا تھا۔ نئے جاسوس کبوتر کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پر اس حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔