نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی شہر کانپور میں جعلی خبریں شیئر کرنے پر پولیس نے تین صحافیوں کو دھر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 24 جنوری کو اتر پردیش یوم تاسیس کے موقع پر ایک پروگرام کے دوران سردی میں کانپ اٹھنے والے سرکاری سکول کے طلباء کے بارے میں ٹی وی چینل میں جعلی خبریں چلانے کے الزام میں کانپور میں تین صحافیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے کانپور میں کارروائی کرتے ہوئے ٹی وی چینل پر جعلی خبریں شیئر کرنے والے تین صحافیوں کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے اس چینل کی شناخت ’کے نیوز‘ سے کی ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں موہت کیشپ، امت سنگھ اور یٰسین علی شامل ہیں۔ گرفتار ہونے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق صحافیوں کیخلاف درخواست دینے والوں نے کہا ہے کہ تینوں ملزمان نے بے بنیاد ویڈیو شیئر کی ، جس کی وجہ سے ہمارے یوگا گرو نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا، اس ویڈیو شیئر کرنے کی وجہ سے بہت غصہ آیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دنیش چندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے افسوس کا مقام ہے کہ اس طرح کی جعلی خبریں پھیلا کر لوگوں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تین صحافیوں کے خلاف انڈر آئی پی سی سیکشن 505 اور 506 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔