لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی خوبرو اور معروف اداکارہ ماہرہ خان نے خفیہ طور پر دوسری شادی کرنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عکسری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان بھی ہے۔ انکی پہلی شادی 8 سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی اور 2019 سے دوسری شادی کی افواہیں ہیں۔
ابتدائی طور پر ماہرہ خان کی سلیم کریم نامی کاروباری شخص سے منگنی کی افواہیں پھیلی تھیں جس پر اداکارہ نے 2019 میں ہی واضح کیا تھا کہ ان کی تاحال منگنی نہیں ہوئی۔
جون 2020 میں ماہرہ خان نے فیشن ڈیزائنرحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ان کے تعلقات سلیم نامی شخص سے ہیں اور مستقبل میں وہ شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
ماہرہ خان نے واضح نہیں کیا تھا کہ دونوں کب تک شادی کا ارادہ رکھتے ہیں اور حال ہی میں ایک مداح نے ان سے خفیہ شادی سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ نے مذکورہ معاملے پر وضاحت کی۔
ماہرہ خان نے ’میشن‘ کی ایک ویڈیو میں مداحوں کے مختلف سوالوں کے جوابات دیے اور ان سوالوں میں سے ایک سوال ان کی خفیہ شادی سے متعلق بھی تھا۔
ماہرہ خان نے واضح کیا کہ انہوں نے کوئی خفیہ شادی نہیں کی اور یہ کہ وہ جب بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی تو سب کو معلوم ہوجائے گا۔ دیکھیں میں نے کوئی انگوٹھی بھی نہیں پہن رکھی۔
اسی ویڈیو میں اداکارہ سے دیگر سوالات بھی کیے گیے اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کتنی بڑی ’رئیس‘ لگتی ہیں، یہ مداحوں کی محبت ہے کہ انہیں وہ ’رئیس‘ سمجھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ہمایوں سعید کو بہترین اور پسندیدہ ساتھی اداکار بھی قرار دیا اور ساتھ ہی ان کی تعریف بھی کی۔
ماہرہ خان نے ’ناک کی سرجری‘ کرائے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں بھی واضح کیا کہ انہوں نے ناک کی سرجری نہیں کروائی اور ثبوت کے طور پر انہوں نے ویڈیو میں ناک کو زوم کرکے دکھایا۔ وہ ہولی وڈ سپر سٹار ٹام کروز کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کرنے جا رہیں، تاہم ان کی خواہش ہے کہ ایسا ہو۔