نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے نامور اداکار 70 سالہ نصیر الدین شاہ کو صحت بہتر ہونے پر 10 دن بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ ماہ 29 جون کو ممبئی کے نجی ہسپتال ’ہندوجا‘ میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان میں ’نمونیہ‘ کی تشخیص ہوئی تھی۔
ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور اداکار کے اہل خانہ کو اُمید تھی کہ نصیر الدین شاہ کو ہسپتال سے 3 جولائی تک ڈسچارج کردیا جائے گا مگر انہیں مزید کچھ دن تک زیر علاج رکھنے کے بعد 8 جولائی کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ کے بیٹے اداکار ووین شاہ نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ اب گھر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نصیر الدین شاہ کے بیٹے نے انسٹاگرام سٹوری میں والد اور والدہ رتنا پھاٹک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد گھر آگئے۔ اگرچہ انہوں نے والد کے گھر آنے کی تصدیق کی لیکن انہوں نے اداکار کی صحت سے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا۔
اس سے قبل تین جولائی کو ہندوجا ہسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹرز اور نصیر الدین شاہ کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ اگرچہ اداکار کی صحت بدتریج بہتر ہو رہی ہے لیکن انہیں مزید کچھ دن تک ہسپتال میں رکھا جائے گا۔