خورشید شاہ کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی جعلی خبریں پھیلنے لگیں

Published On 04 October,2021 08:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سیّد خورشید شاہ کی مسلم لیگ ن میں جانے کی جعلی خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے لگیں۔

سوشل میڈیا پر خبریں شیئر ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سیّد خورشید احمد شاہ نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب سے ملاقات کی ہے۔

سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پی پی سینئر رہنما مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔

ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب سے خفیہ ملاقات کرنے کے بعد پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے۔

دوسری طرف سول ہسپتال سکھر میں چیک اپ کے بعد صحافی نے خورشید شاہ سے سوال پوچھا کہ آپ کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں، جس پر جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بنیاد افواہوں پر ہے، اس پر توجہ نہیں دینی چاہئے، ان کے لوگ چاہتے ہیں کہ ہم پی پی میں اختلافات پیدا کریں، مجھے شوکاز نوٹس کیوں ملے گا؟

 

ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاستدان  دشمن سے بھی ملتے رہتے ہیں، ایسی کوئی بات نہیں، پارٹی نے تردید کردی ہے، جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، بہت سے پنڈورا باکس کھلیں گے، مریم اورنگزیب سے میری ملاقات ہوئی، ہم اپوزیشن میں ہیں ملتے رہے ہیں۔