لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو کے جعلی اکاؤنٹس سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے، سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سیمی فائنل میچ ہارنے کے بعد ان کی اہلیہ سامعہ آرزو اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دی گئیں، یہ خبریں جعلی قرار دیدی گئیں۔
یاد رہے کہ 11 نومبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں حسن علی سے شاہین آفریدی کی گیند پر آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا جسے متعدد سوشل میڈیا صارفین نے میچ ہارنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے فاسٹ بولر پر تنقید کے تیر برسا دیے۔
ایسے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹر کی اہلیہ سے منسوب اکاؤنٹ سے کی گئی کچھ ٹوئٹس وائرل ہوگئیں جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی پاکستان کے لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روکا جائے۔
سلسلہ وار ٹوئٹس میں مزید لکھا تھا کہ بہت سے پاکستانی مداح یہ سوچتے ہیں کہ میں بھارت کی ایجنٹ ہوں، میچ کے بعد ہمیں دبئی اور پاکستان میں دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ہماری بیٹی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، اگر ہماری حفاظت کیلئے اعلیٰ حکام کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا تو میں اپنی بیٹی کے ہمراہ والدین کے پاس بھارتی شہر ہریانہ منتقل ہوجاؤں گی۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی اہلیہ نے اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے اسے فوری رپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سامعہ آرزو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری پوسٹ کی اور لکھا کہ اس اکاؤنٹ سے منسوب بہت سے ٹوئٹس زیر گردش ہیں کہ مجھے، حسن اور ہماری بیٹی کو پاکستانی لوگوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں جو کہ بالکل غلط ہے بلکہ لوگوں کی جانب سے ہماری حمایت کی جارہی ہے۔
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ برائے مہربانی ان ٹوئٹس اور ایسے بیانات پر یقین نہ کیا جائے کیونکہ میرا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔