لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا آئی سی یو سے میدان کا سفر معجزہ قرار دیدیا گیا۔
محمد رضوان کے معالج نے صحتیابی کو معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر حوصلے اور ہمت کی مثال ہیں۔
ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے آئی سی یو میں مجھے کہا تھا کہ میں ہر صورت کھیلنا چاہتا ہوں، اپنی ٹیم کے ساتھ رہنا چاہتاہوں۔
ڈاکٹر سائر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی بلے باز آئی سی یو میں مضبوط اور پر اعتماد تھے، وہ ملک کے لیے اہم میچ ہر صورت کھیلنا چاہتے تھے، ان کو شدید درد اور تکلیف میں ہسپتال لایا گیا، کیریئر میں اتنی برق رفتار صحتیابی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے محمد رضوان نے اپنی دستخط شدہ شرٹ گفٹ کی جبکہ سیمی فائنل میں ان کی طرف سے چھکے لگانے پر پوری میڈیکل ٹیم خوش تھی۔
اس سے قبل
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل سمیت دیگر میچز میں شاندار اننگز کھیلنے والے پاکستانی بلے باز محمد رضوان نے ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد پہلی ٹوئٹ کی۔
ٹوئٹر پر محمد رضوان نے تمام کھلاڑیوں کےفوٹوسیشن کی ایک تصویر ٹوئٹ کی اور پُر امید انداز میں لکھاکہ ’دیا جلائے رکھنا ہے‘۔
Diya Jalaye rakhna hai!#Alhumdulillah #Pakistan pic.twitter.com/mRmz2ZiCO8
— Mohammad Rizwan (@iMRizwanPak) November 11, 2021
محمد رضوان نے اپنی پوسٹ میں اللہ تعالی کا شکر بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں محمد رضوان نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر 67 رنز بنائے۔
محمد رضوان 18 ویں اوور میں اسٹارک کی گیند پر بالآخر کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے اپنی اننگ میں4 چھکے اور تین چوکے لگائے۔
واضح رہے کہ سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کو فلو اور بخار کی شکایات تھیں تاہم قومی ٹیم کے میڈیکل پینل نے میچ سے چند گھنٹے قبل انہیں کھیل کے لیے فٹ قرار دیا۔