’پاکستان کے لئے جان بھی چلے گئی تو کونسی بڑی بات ہے‘

Published On 12 November,2021 06:14 pm

دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ حسن علی کی پرفارمنس سے خوش ہوں، محمد رضوان کو مکمل تسلی کے بعد سیمی فائنل میں گراونڈ میں اتارا، وکٹ کیپر نے کہا تھا آئے ہی لڑنے ہیں تو پاکستان کے لئے جان بھی چلے گئی تو کونسی بڑی بات ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے عوام نے بھی پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے، فخر محسوس ہوتا ہے کہ میں اس یونٹ کا حصہ تھا، تمام لڑکوں کا مکمل دھیان کھیل پر تھا، ٹورنامنٹ کے آغاز سے اختتام تک تمام کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کھلاڑیوں میں اور مینجمنٹ میں مثبت چیزیں نظر آئیں، حسن علی نے پاکستان کو اکیلے چیمپئنز ٹرافی جتوائی، فاسٹ باؤلر اپنی توانائی اور یقین پوری ٹیم میں منتقل کرتا ہے، وہ ہماری ٹیم کی جان ہے اور بہت مثبت سوچ کی شخصیت ہیں۔

عبوری ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ حسن علی نے پورے ٹورنامنٹ میں لڑائی کی حریفوں کو مشکل ٹائم دیا، حسن علی کی پچھلی کرکٹ اٹھا کر دیکھ لیں اس نے میچز جتوائے ہیں، ہر کھلاڑی پر مشکل وقت آتا ہے۔ فاسٹ باؤلر فرنٹ لائن پر کھیلنے والا بندہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کو مکمل تسلی کے بعد گراونڈ میں اتارا، وکٹ کیپر نے کہا آئے ہی لڑنے ہیں تو پاکستان کے لئے جان بھی چلے گئی تو کونسی بڑی بات ہے۔ مستقبل میں ہیڈ کوچ کے بارے میں دیکھیں گے، کوچ اور کھلاڑی کا تعلق جسم اور روح کا ہے۔ جسم کھلاڑی اور روح کوچ ہے، کوچ کو کھلاڑی کے اندر جانا چاہیے، پاکستان ٹیم میں سب جانباز ہیں۔ شاہین، بابر ،رضوان،شعیب ملک، سمیت سب جانباز ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے عبوری بیٹنگ کوچ میتھیو نے انکشاف کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل دو دن تک وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان آئی سی یو میں رہے تھے۔ 
 

Advertisement