لاہور: (ویب ڈیسک) شاہین اوپنر محمد رضوان آئی سی یو سے کیا لوٹے کہ میدان کارزار میں آسٹریلوی باولرز کے چکھے چھڑا دیئے، میتھیو ہیڈن نے انہیں جانباز قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست تو ہوئی تاہم شاہینوں نے بھرپور جنگ لڑی، اوپنر محمد رضوان محض 2 روز قبل سینے کے عارضے کے سبب ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے تاہم پاکستان کیلئے جان لڑانے کے جذبے نے انہیں چین نہ لینے دیا اور وہ میچ کھیلنے کیلئے میدان میں آ پہنچے۔
سابق آسٹریلین جارح بلے باز اور پاکستانی بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن نے محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جانباز قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ رضوان آسٹریلیا کی ناو ڈبونے ہی والے تھے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی محمد رضوان کے جذبے کو بھرپور سراہا، انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں شاہین بلے باز کی آئی سی یو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کیا تصور کیا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے پاکستان کیلئے اپنی صحت کو لاحق خطرات کو پس پشت ڈالتے ہوئے نہ صرف میچ میں حصہ لیا بلکہ کارکردگی بھی خوب دکھائی، وہ گذشتہ 2 روز سے ہسپتال میں تھا۔
Can you imagine this guy played for his country today & gave his best.
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 11, 2021
He was in the hospital last two days.
Massive respect @iMRizwanPak .
Hero. pic.twitter.com/kdpYukcm5I
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیمی فائنل میں محمد رضوان نے 4 شاندار چھکوں کے ساتھ 67 رنز بنا کر شائقین کے دل جیت لئے۔