ہاردک پانڈیا کی پانچ کروڑ کی گھڑیاں، خبر جعلی قرار

Published On 18 November,2021 07:47 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹیم کے آل راونڈر ہاردک پانڈیا نے ایئر پورٹ پرکسٹم کی جانب سے ضبط کی جانے والی 5 کروڑ کی گھڑیوں کو فیک نیوز قرار دیدیا۔

اس معاملے پر منگل کی صبح ہاردک پانڈیا نے ٹوئٹر پیغام میں وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ 15 نومبر کی صبح دبئی سے ممبئی پہنچنے پر میں خود دبئی سے جو سامان خرید کر لایا تھا، اس کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے کے لئے ایئر پورٹ پر موجود کسٹم کاونٹر پر گیا تھا۔ میرے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلائی جارہی ہے۔ میں نے خود سارے سامان کی معلومات ایئر پورٹ پر موجود کسٹم افسران کو دی ہے۔

واضح رہے بھارتی میڈیاکی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہاتھا کہ کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد جب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وطن واپس پہنچے تو ایئرپورٹ پر ممبئی کسٹمز نے ہاردک پانڈیا کی 5 کروڑ مالیت کی قیمتی گھڑیاں ضبط کرلیں۔

رپورٹس کے مطابق کرکٹر کے پاس ان گھڑیوں کی رسید موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے کسٹم حکام نے ان کی دو گھڑیاں ضبط کیں تاہم ہاردک پانڈیا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں ہاردک کے بڑے بھائی کرونال پانڈیا کے پاس سے بھی مہنگی گھڑیاں برآمد ہوئیں تھی۔ انہیں اس وقت ڈارئریکٹریٹ آف ریوینیو اٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے روک لیا تھا۔ جس کے بعد اس معاملہ کو محکمہ کسٹم کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
 

Advertisement