لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بارے میں سوشل میڈیا پر جعلی خبریں شیئر کی جانے لگیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہور ہی ہیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ملکہ الزبتھ انتقال کر چکی ہیں، سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ملکہ الزبتھ پہلے ہی انتقال کر چکی ہیں، برطانیہ کی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ خبروں کو روک رہی ہے تاکہ کسی موقع پر خفلشار کے طور پر استعمال کر سکیں۔
رائٹرز کے مطابق دنیا کی سب سے عمر رسیدہ اور طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ 20 اکتوبر 2021ء کو رات بھر ہسپتال میں رہی تھیں لیکن اگلے دن لندن سے 25 میل مغرب میں ونڈسر کیسل واپس آگئی تھی جس کے بعد حکام نے کہا تھا کہ وہ بالکل صحت مند ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ الزبتھ کے انتقال کی خبروں کو پرنس چارلس نے جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل صحت مند ہیں۔
یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو ملکہ برطانیہ کو ڈاکٹروں نے مزید دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ پورا ملک ملکہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہا ہے۔
بکنگھم پیلس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 95 برس کی ملکہ الزبتھ دوم دو ہفتوں کے لیے شاہی دورے نہیں کریں گی۔وہ ہلکے پھلکے دفتری کام کریں گی تاہم 14 نومبر کو دونوں عالمی جنگوں اور دوسرے تنازعات میں برطانوی افواج اور سویلینز کی خدمات کی یاد میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ان کا شرکت کرنے کا ’پختہ ارادہ‘ ہے۔