لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار سجاد علی نے اپنے سوشل میڈیا بیان سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں گلوکار نے کہا کہ "میں نے کب کہا بالی وڈ نے میرا گانا کاپی کیا؟ بلکہ میں نے کہا تھا کہ گانا سن کر مجھے اپنا ایک پرانا گانا یاد آگیا"۔
لوگوں کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی کہ انہوں نے مہدی حسن کی غزل کاپی کی ہے، اس حوالے سے سجاد علی نے کہا کہ "یہ غزل مہدی حسن کی نہیں احمد فراز کی ہے اور ایک غزل مختلف گلوکار اپنی اپنی دھنوں کے ساتھ گاتے ہیں"۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم پٹھان کا گانا ریلیز ہوا تو سجاد علی نے ایک ویڈیو شیئر کی۔
ویڈیو میں سجاد علی نے کہا کہ انہوں نے ایک نئی فلم کا گانا سنا اور انہیں اپنا 25 سال پرانا گایا گیا گیت یاد آگیا، فلم کا نام نہ لیا لیکن اپنا گانا گا کر یاد دلایا۔
سوشل میڈیا پر کسی نے کہا کہ بالی وڈ کو پاکستان کو کریڈٹ دینا چاہیے تو کسی نے الٹا سجاد علی پر ناہید اختر کے گانے کی کاپی کا الزام دھر دیا تھا۔