کراچی: (دنیا نیوز) ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہتھنی نور جہاں کے گوشت کی فروخت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کر دی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کے گوشت کی فروخت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ہتھنی نور جہاں کا پوسٹ مارٹم اور تدفین عالمی ماہرین اور ڈاکٹرز کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جانوروں کیلئے کام کرنے والی تنظیم فور پاز کی ٹیم کے ارکان بھی اس موقع پر موجودتھے، ہتھنی نورجہاں کے پوسٹ مارٹم اور تدفین کے ایک ایک لمحے کی فوٹیج اور تصاویر کے ایم سی کے پاس موجود ہیں، ہتھنی نورجہاں کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے مزید کہا ہے کہ ہتھنی نورجہاں کے گوشت کی فروخت کی خبریں پھیلانے کا مقصد کے ایم سی اور ملک کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش ہے، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کی مانیڑنگ شروع کر دی گئی ہے۔