سندھ حکومت کی فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کی اپیل دائر کرنے کی تردید

Published On 18 November,2023 01:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کی اپیل دائر کرنے کی تردید کردی۔

 حکومت اور وزارت دفاع کی جانب سے فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے خبروں میں سندھ حکومت کا نام بھی سامنے آیا ہے کہ اس نے بھی فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

تاہم ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری وضاحت کے مطابق سندھ حکومت نے سویلین کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے لئے کوئی اپیل دائر نہیں کی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے کہ سندھ حکومت نے ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل فائل کی۔

دوسری جانب سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کے معاملے نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے وضاحت طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے وضاحت کرتے ہوئے اپیل دائر ہونے سے انکار کر دیا۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے نگران وزیراعلیٰ کو جواب دیا کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کےخلاف کوئی درخواست دائر نہیں کی گئی۔