ملک میں 70 فیصد حاملہ خواتین اور بچے خون کی کمی کا شکار ہیں، طبی ماہرین

Last Updated On 20 December,2019 09:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) طبی ماہرین کہتے ہیں ملک میں 70 فیصد حاملہ خواتین اور پانچ سال سے کم عمر بچے غذائیت کی کمی کی وجہ سے خون کی کمی کا شکار ہیں، ہیوموگلوبن کا مقررہ مقدار سے کم ہونا بچوں میں قد چھوٹا ہونے اور ذہنی و جسمانی نشوونما متاثر ہونے کا سبب ہے۔

ستر فیصد پاکستانی خواتین اور بچے خون کی کمی کا شکار ہیں جس کی وجہ غذائیت کی کمی ہے، طبی ماہرین نے خبردار کر دیا۔ صرف یہی نہیں 50 سے 70 فیصد حاملہ خواتین اور پانچ سال سے کم عمر بچے بھی غذائیت اورفولاد کی کمی کی وجہ سے متاثر ہیں۔

پانچ سال سے کم عمر بچوں میں ہیوموگلوبن 10 ملی گرام سے کم ہونے کی صورت میں انکی ذہنی و جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور قد بھی چھوٹا رہ جاتا ہے۔

تاہم ماہرین کہتے ہیں متاثرہ افراد کیلئے پاکستانی دوا سازکمپنی نے فوڈ سپلیمنٹ بنا لیا جسے عالمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین میں خون کی کمی کے نتیجے میں بچوں کی افزائش متاثر ہوتی ہے، پیدائش بھی قبل از وقت ہوتی ہے اور زچگی کے دوران خون زیادہ بہنے سے خواتین کی موت ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔