سندھ میں گزشتہ ماہ کورونا کی تیسری لہر کے نتیجے میں 380 اموات ہوئیں

Published On 03 June,2021 08:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے نتیجے میں 380 اموات ہوئیں، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں انڈین ویرینٹ کے بھی پانچ کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی کورونا کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہوئی، کورونا وباء سے جہاں کیسز میں اضافہ ہوا وہیں اموات کی تعداد بھی دگنی ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ اور اپریل کے مہینے میں بالترتیب 151 اور 154 اموات ہوئیں جبکہ صرف گزشتہ ماہ اموات کی تعداد 380 تک جا پہنچی۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کورونا کے ہر طرح کے ویرینٹ سے بچائو کے لیے ضروری ہے ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں کورونا سے بچائو کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے سبب لاک ڈائون جاری ہے۔
 

Advertisement