بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریض اذیت کا شکار

Published On 03 February,2022 01:42 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی جاری ہڑتال کے سبب امراض سے بے حال مریض شدید اذیت کا شکار ہیں۔

کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ سول ہسپتال میں موجود کورونا ویکسینیشن سینٹر کو آج مکمل طور پر بند کر دیا گیا، سینٹر کی بندش سے عوام کومشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت سنجیدگی سے مسائل کوحل نہیں کرتی اسی طرح سے اجتجاج جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب صوبے بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافہ برقرار ہے، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے پھیلاو کی شرح 47۔10 فیصد رہی ہے۔ ویکسی نیشن سنیٹر بند ہونے سے شہری بروقت کورونا کی بوسٹر ڈوز لگوانے سے محروم ہیں جبکہ ینگ ڈاکٹروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے توصوبے بھر میں ویکسی نیشن سینٹروں کو بند کر دیا جائے گا۔