اسلام آباد:(دنیا نیوز) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان سے چوتھے پولیو کیس کی تصدیق کردی گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان سے یہ پولیو کا چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس سال تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ پولیو کی جاری مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلایں۔
وزارت صحت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، میڈیا، سول سوسائٹی، علماء کرام عوام میں آگاہی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، پولیو کے دو قطرے ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معزوری سے بچا سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پورے ملک میں 23 مئی سے پولیو کی مہم جاری ہے، پولیو کے قطرے پلانا اور بچوں کو بیماری سے بچانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے، پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی ہے۔