نیویارک : (ویب ڈیسک ) دن کے آغاز پر جو پہلی غذا لی جائے اسے انتہائی صحت بخش ہونا چاہئے تاکہ دن بھر توانائی برقرار رہے ، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ غذاؤں کو صبح یا خالی پیٹ کھانے سے اجتناب کرنا چاہئیے ۔
ماہرین صحت کے مطابق اس کی وجہ ہے کہ یہ غذائیں نظام انہضام کو بری طرح متاثر کرتی ہیں اور وزن بڑھنے کے ساتھ کئی امراض کا بھی باعث بنتی ہیں یہاں پر ان ہی غذاؤں کو بارے میں بتایا جارہا ہے جنہیں خالی پیٹ کھانے سے حد درجہ گریز کرنا چاہیئے ۔
مرغن اور مصالحوں سے بھرپور غذاؤں کو خالی پیٹ کھانے سے پیٹ میں تیزابیت پیدا ہونے لگتی ہے جو پیٹ میں درد اور گیس کا سبب بنتی ہیں۔
بہت زیادہ میٹھی غذا جگر کے نقصان کا باعث بنتی ہے اس کی وجہ یہ ہے جگر ایک خاص مقدار میں چینی کو حل کر سکتا ہے اس لیے ناشتے میں کیک اور اسمودی کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ سافٹ ڈرنکس صحت کیلئے فائدہ مند نہیں تاہم ان کا خالی پیٹ استعمال انتہائی مضر ہوتا ہے کیونکہ اس میں موجود کاربونیٹڈ ایسڈ معدے کے ایسڈ کے ساتھ مل کر صحت کے کئی مسائل کو جنم دیتا ہے۔
خالی پیٹ بہت زیادہ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال معدے کی جھلی کو نقصان پہچاتا ہے اس طرح ہاضمہ کا نظام متاثر ہوتا ہے اور دن بھر معدہ بوجھل رہتا ہے۔
خالی پیٹ ترش پھلوں کا استعمال معدے میں تیزابیت کو بڑھا دیتا ہے بہت زیادہ فائبر اور فریکٹوز ہاضمے کو سست کر دیتے ہیں۔
کچی سبزیاں اور سلاد خالی پیٹ کھانے کے لیے موزوں قرار نہیں دی جاتی، ان میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو خالی معدے میں اضافی بوجھ کا سبب بنتی ہیں۔