اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان میں سرطان کے کیسز کی پہلی جامع رپورٹ جاری کردی۔
نیشنل کینسر رجسٹری کی رپورٹ میں سال 2015سے 2019 کے کیسسز شامل، سرطان کے مریضوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے، 2015سے 2019 تک 2 لاکھ 69 ہزار 202 سرطان کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سرطان کے کیسز میں 53 اعشاریہ 61 فیصد خواتین اور 46 اعشاریہ 7 مردوں کی تعداد ریکارڈ، پنجاب میں 45 اعشاریہ 13 فیصد ، سندھ میں 26 اعشاریہ 83 فیصد، خیبرپختونخوا میں 16 اعشارہ 46 فیصد جبکہ بلوچستان میں 3 اعشاریہ 52 فیصد سرطان کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چھاتی کا سرطان سب سے عام، دوسرے نمبر پر منہ ، تیسرے پر بڑی آنت، چوتھے پر جگر اور پانچویں نمبر پر پھپھیڑوں کا سرطان عام ہے، مردوں میں سب سے زیادہ منہ، جگر، بڑی آنت، پھیپڑوں اور پھر پروسٹیٹ کا سرطان عام ہے جبکہ خواتین میں سب سے زیادہ چھاتی، اووری ، منہ، سروکس اور پھر بڑی آنت کا سرطان عام ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بچوں میں خون کا سرطان اور نو عمروں میں ہڈیوں کا سرطان عام ہے، سندھ ، اور بلوچستان میں زیادہ نسوار کا استعمال منہ کے کینسر کا سبب بنا ہے، پاکستان میں نوجوانوں میں بڑی آنت کے کینسر کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ادارہ صحت کے مطابق بڑی آنت کے کینسر کی اصل وجہ فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال ہے، غذا میں نمایاں تبدیلی سے کینسر میں اضافہ ہورہا ہے۔