اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ پوری دنیا میں بچوں کو ای سگریٹس کے جال میں پھنسایا جا رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق ای سگریٹس کے استعمال سے بچے نکوٹین کے عادی ہو رہے ہیں، بچوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ای سگریٹس کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ای سگریٹس کے 16000 سے زائد فلیورز کی مارکیٹنگ کی جا رہی ہے، بچوں کو ای سگریٹس کا عادی بننے سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
ادارے کے مطابق ای سگریٹس سے تمباکو نوشی ترک کرنے میں قطعاً کوئی مدد نہیں مل رہی، دنیا کے 88 ممالک میں ای سگریٹس کی فروخت کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ہے، دنیا کے 74 ممالک میں ای سگریٹس سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ای سگریٹس بھی کینسر، دل، پھیپھڑوں اور دماغی امراض کا سبب بن رہی ہیں، اس کی فروخت روکنے کیلئےسخت قانون سازی اور عمل درآمد کی ضرورت ہے۔