لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں منشیات کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انسداد منشیات کے ادارے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب نے رپورٹ جاری کر دی۔
کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس شہر میں منشیات کے عادی 560 نامعلوم افراد فٹ پاتھوں پر دم توڑ گئے، نوجوانوں کو منشیات کی 60 فیصد فروخت سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں آئس کے استعمال میں 40 فیصد اضافہ ہوا جبکہ انجکشن کا نشہ کرنے والے 40 فیصد افراد ایڈز کا شکار نکلے، نشے کی وجہ سے شہر میں خلع کے کیسز میں 20 فیصد اضافہ ہوگیا، خاوند کے نشہ اور تشدد کرنے پر 6 ہزار سے زائد خواتین نے خلع لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 35 لاکھ جبکہ لاہور میں 25 سے 30 ہزار منشیات کے عادی افراد کو علاج کی فوری ضرورت ہے مگر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے شہر میں کوئی نیا ہسپتال نہ بن سکا۔