نئی حکومت کو برآمدات پر مبنی فارما انڈسٹری کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہئے: ڈاکٹر جاوید اکرم

Published On 22 February,2024 05:23 pm

(لاہور نیوز) پنجاب کے نگران وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ نئی حکومت فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 16 ویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کے اختتامی روز دورے کے دوران نگران وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری دنیا میں اچھی پوزیشن رکھتی ہے اور اس کی ترقی پر خوش ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس میں بہت زیادہ ترقی نے دنیا بھر میں ادویات سازی کے کاروبار کو بھی تبدیل کر دیا ہے، کاروباری سودوں سے نہ صرف مقامی صنعت اور غیر ملکی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا، ڈاکٹر جاوید اکرم نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور مقامی اور غیر ملکی نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔

نمائش کے آرگنائزر کامران عباسی نے وزیر کو بتایا کہ میڈیکل اور لیبارٹری کے آلات اور کیمیکلز کی نمائش کے لئے 400 سٹالز لگائے گئے تھے، سٹالز فارماسیوٹیکل ایکویپمنٹ مینوفیکچررز، لیبارٹری آلات، ریسرچ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز، را اور پیکجنگ سپلائر، فارما پرنٹنگ، فارما کیمیکلز، لیب کیمیکلز اور فارما انسٹرومنٹس ، ہسپتال اور صحت کے آلات بنانے والوں نے لگائے تھے، دو روزہ ایونٹ کے دوران کروڑوں روپے کے 200 سے زائد کاروباری معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے زیراہتمام کانفرنس بھی دونوں دن جاری رہی جس میں 100 غیر ملکی اور مقامی نمائش کنندگان نے شرکت کی، نمائش نے بڑی تعداد میں ادویہ سازی اور طبی کاروبار سے وابستہ لوگوں کو راغب کیا ۔