عید کی چھٹیوں میں نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کیلئے ڈرگ ایڈوائزری جاری

Published On 16 June,2024 06:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چھٹیاں اور فراغت نوجوانوں کو منشیات کی جانب مائل کرتی ہیں، عید تعطیلات پر نوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے بچانے کیلئے ڈرگ ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

عید تعطیلات کے دوران نوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے بچانے کےلیے ڈرگ ایڈوائزری ٹر یننگ حب نے فارم ہاؤسز، چائے خانوں، گھروں اور خفیہ پارٹیوں میں منشیات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی۔

ذرائع کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران ہر سال معمول سے 20 فیصد منشیات کا استعمال بڑھ جاتا ہے،عید ملن کی خفیہ پارٹیوں میں آئس اور دیگر نشہ کی زیادہ مقدار لینے یا اوور ڈوز سے موت واقع ہو سکتی ہے ۔

کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایاکہ خفیہ پارٹیوں میں نئے دوست جلد بازی اور شوق میں منشیات کا استعمال کرتے ہیں، ملاوٹ اور کیمیکل والی منشیات کا زیادہ استعمال انسانی زندگی کو ختم کر سکتا ہے۔

سید ذوالفقار حسین نے والدین کو بچوں کے حوالے سے کڑی نگرانی کی تاکید کی ہے تاکہ بچوں کو منشیات جیسی لعنت اور اس کے شدید نقصانات سے بچایا جا سکے۔