اسلام آباد :(دنیا نیوز ) ملک میں پولیو کی بگڑتی صورتحال پر وزارت صحت نے انسداد پولیو پروگرام کی تفصیلات جاری کردیں۔
دنیا نیوز کو ملنے والی دستاویز کے مطابق ملک بھر میں کل 4 لاکھ 2 ہزار 785 فرنٹ لائن پولیو ورکرز کام کر رہے ہیں، پولیو مہم میں 3 لاکھ، 89 ہزار 419 مستقل ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، انتہائی حساس اضلاع میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر 13 ہزار 366 ورکرز کام کر رہے ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ آزاد جموں کشمیر میں 10 ہزار، بلوچستان 25 ہزار 9، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 429 ورکرز ہیں، اسلام آباد میں 5 ہزار 299 اور خیبرپختونخوا میں 76 ہزار 496 ورکرز کام کررہے ہیں، پنجاب میں 2 لاکھ 237، سندھ میں 81 ہزار 485 پولیو ورکز خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
محکمہ صحت کی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ پولیو ایمرجنسی پی سی ون میں میڈیا مہم کے لیے 34 لاکھ 50 ہزار ڈالر مختص کیے گئے ہیں، بین الاقوامی میڈیا کے لیے 16 لاکھ امریکی ڈالر مختص ہیں، اشتہارات کے لیے 18 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں، سال 2023 میں میڈیا کے لیے کل اخراجات 13 لاکھ 85 ہزار 739 امریکی ڈالر تھے۔