لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہیں۔ وزیرِ اعظم بننے کا موقع ملا تو ترجیحات بتاؤں گا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم بننے کا موقع ملا تو ترجیحات بتاؤں گا۔ لندن سے لاہور واپسی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام سیاستدانوں سے جھوٹ نہیں، سچ کی امید رکھتے ہیں، اس لئے عمران خان کو اس بات کا کچھ خیال رکھنا چاہیئے کہ وہ کیا بول رہے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہیں۔
بعد ازاں وزیرِ اعلی نے آج شیخوپورہ بھکھی پاور پلانٹ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاور پلانٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ لی اور ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین سمیت کڈنی اینڈ لیور سینٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب ایک آئینی ادارہ ہے، اسے ہر چیز کی کھوج کرنی چاہیئے۔ اگر ادارے احتساب کر رہے ہیں تو اچھے کاموں کی تعریف بھی ہونی چاہیے، عوام کو پتہ چلنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے۔
وزیرِ اعلی کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ میں پنجاب حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ ہم نے ہسپتالوں کو ایسا بنا دیا ہے کہ اب اشرافیہ سمیت وزیرِ اعلی اور گورنر بھی علاج کروا سکتے ہیں۔ وزیرِ اعلی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین اور کڈنی اینڈ لیور سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھکھی پاور پلانٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انھیں پاور پلانٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی۔