اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے پاکستان کے چپے چپے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا، کامیاب جنگ اپنے وسائل سے لڑی، امریکا افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل سست کرنا چاہتا ہے مگر عالمی برادری ہمارے مسائل کی وجوہات سمجھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نیکٹا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہونے سے امن بحال ہو چکا ہے، دہشتگردی کے خلاف ملک اور عوام کا بیانیہ بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا انتہا پسندوں نے دہشتگردی اور فساد کے لیے اسلام کا نام استعمال کیا، مسلمان علماء نے دہشتگردی کے خلاف فتوے جاری کئے، اسلام امن کا دین ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو رہا ہے، پاکستان سرحد پر مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، آج کوئی جہادی تنظیم پاکستان میں آ کر کام نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی ہے، افغانستان میں جنگ ختم ہوتے ہی اتحادی منظر عام سے غائب ہو گئے، جنگ زدہ افغانستان کی ترقی کے لیے کوئی نظام واضح نہیں کیا گیا، پاکستان ابھی تک لاکھوں افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔