بھارتی مظالم پرغم و غصے کی لہر، کئی شہروں میں مظاہرے

Last Updated On 06 April,2018 03:07 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) ملک بھر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خلاف آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، کئی شہروں میں مظاہرے ، احتجاج کے دوران بھارتی مظالم کیخلاف شہریوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے شدید غم وغصے کا اظہارکیا۔

مقبوضہ کشمیر میں اتوار کو 19 نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد قابض بھارتی فوج نے صدائے احتجاج بلند کرنے والے کشمیریوں کو بھی نہ بخشا اور مزید سینکڑوں معصوم کشمیریوں کو فائرنگ سے شدید زخمی کرکے خون میں نہلا دیا، جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے، بھارتی بہیمانہ مظالم کیخلاف پاکستانی عوام میں غم و غصے کی لہردوڑ گئی، جس کا اظہار انہوں نے مظا ہروں کے دوران احتجاج کرتے ہوئے کیا۔

راولپنڈی، اٹک، چکوال، چشتیاں، رحیم یار خان، سکھر اور تربت سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، راولپنڈی کےمئیر سردار نسیم سمیت سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا، راولپنڈی چاندنی چوک لیاقت روڈ پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ چکوال اور جہلم میں سیاسی,مذہبی اور سماجی نمائندے بھارت کے خلاف سراپااحتجاج رہے،تربت اور ٹانک میں سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ شرکاء نے بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دیا اور کہا کہ معصوم مسلمان بچوں، عورتوں کو کشمیر میں قتل کیا جا رہا ہے اور عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے.

اٹک میں ہاکی اسٹیڈیم سے فوارہ چوک تک ریلی نکالی گئی، چشتیاں میں سکول کے طلباء نے احتجاج کیا، رحیم یار خان میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے درخواستی چوک سے کچہری روڈ تک مظاہرہ کیا گیا، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر سکھر میں جے یوآئی اور جے ٹی آئی کے کارکنان نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف مدرسہ منزل گاہ سے احتجاجی ریلی نکالی جو پریس کلب پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے بھارت کے کشمیریوں پر جاری مظالم کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیریوں پر جاری مظالم کا نوٹس لیں اور مظالم بند کرائیں، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔