لاہور: (دنیا نیوز) کشمیری رہنما مشال ملک کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا کوئی وقت مخصوص نہیں، صرف یوم کشمیر منانے سے آزادی کا حصول نا ممکن ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سب سے بڑا فریق ہے، اسے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چا ئیے۔
مشال ملک نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری بھارت کی 8 لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں، لاشیں گرا کر امن قائم نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کو کشمیر کا مسئلہ حل کرانے کے لیے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔۔
کشمیری خاتون رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں جو کشمیری عوام کے لیے سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلا سکتے ہیں، ہمیں ہر محاذ پر کشمیر کی جدوجہد آزادی کیلئے آواز بلند کرنا ہو گی۔