'بھارتی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ، کشمیری اپنے حق کیلئے میدان میں ہیں'

Last Updated On 07 April,2018 02:27 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں سے عالمی امن کو خطرہ ہے، کشمیری اپنے حق کیلئے میدان میں ہیں، شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے نیویارک میں سلامتی کونسل کے صدر سے ملاقات کی اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاکستانی مشن سے خطاب میں ملیحہ لودھی نے کہا بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے کہا بھارت نے ریاستی دہشت گردی کی نئی لہر کا آغاز کیا ہے، امریکی انتظامیہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائے۔

دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیلجیم کے انسانی حقوق کے رہنما نے کشمیر کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا۔ گذشتہ روز مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ مظاہرے اور احتجاج کیا گیا بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، قابض افواج نے شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔