سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں آج جگہ جگہ مظاہرے کیے گئے۔ سری نگر اور شوپیاں میں بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، قابض افواج نے شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، پلوامہ میں ایک اور نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا گیا۔
مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ بھارتی مظالم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سری نگر میں پابندیوں کے باوجود نوجوان سڑکوں پر نکل آئے، بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
پلوامہ میں قابض افواج نے جعلی مقابلے میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔ بانڈی پورہ میں ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کے جنازے میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
گزشتہ دنوں بھارتی فورسز نے بیس نوجوانوں کو جعلی مقابلوں اور گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کر دیا تھا جس کے بعد وادی بھر میں آزادی کی تحریک شدت اختیار کر گئی ہے۔