اسماء نواب کی 20 سال بعد گھر واپسی

Last Updated On 07 April,2018 06:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بیس سال بعد اپنے گھر کا دیدار، ماں باپ اور بھائی کےقتل کے الزام سے بری ہونے والی اسماء نواب 20 سال بعد اپنے گھر پہنچ گئیں۔

کراچی کےعلاقے ملیر سعود آباد میں تہرے قتل کی واردات کے بعد بند ہونے والے مکان کا تالہ بیس سال بعد توڑ دیا گیا۔ گھر کی وارث اسماء نواب 20 سال کی قید کے بعد بے گناہی کا تاج سر پر سجائے گھر میں داخل ہوئی تو آنکھیں بھیگ گئیں۔ اسماء نواب گھر کے کونے کونے کا جائزہ لیتی رہی۔ پرانے کپڑے، جوتے اور دھول مٹی سے اٹے درودیوار نے پرانے زخم ادھیڑ دیے۔ 

میڈیا سے گفتگو میں اسماء نواب نے کہا کہ پولیس نے گھر میں کچھ نہیں چھوڑا۔ میرے والدین کی کوئی نشانی تک موجود نہیں۔ اسماء نواب نے روتے ہوئے شکوہ کیا کہ والدین کی کوئی نشانی تو چھوڑ دیتے جس کے سہارے وہ اپنی زندگی گزار لیتی۔

واضح رہے کہ اسماء نواب کے وکیل جاوید چھتاری 20 سال سے بغیر کسی فیس کے یہ کیس لڑ رہے تھے۔ اسماء نواب پر اپنے اہل خانہ کو قتل کرنے کا الزام تھا۔