بیٹے نے پینشن کی لالچ میں ماں کی لاش کو حنوط کرکے فریزر میں چھپا دیا

Last Updated On 05 April,2018 06:40 pm

کولکتہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں انسانیت سوز واقعہ، پیسوں کی لالچ میں بیٹے نے تمام حدیں پار کردیں، ماں کی لاش کو حنوط کر کے فریزر میں چھپا دیا، پولیس نے 3 سال بعد لاش برآمد کرلی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق کولکتہ پولیس نے شہر کے جنوبی حصے میں واقع ایک گھر کے فریزر سے 3 سال پرانی لاش برآمد کی ہے۔

پولیس نے جنوبی کولکتہ میں رہائش پذیر 50 سالہ سبھا براتا مجومدرا کو حراست میں لیا ہے. جس نے اپنے گھر کے پہلے فلور پر موجود فریزر میں اپنی ماں کی لاش کو حنوط کر کے محفوظ کر رکھا تھا۔ مجومدرا نے یہ کام ماں کی پینشن حاصل کرنے کے لیے کیا۔

سبھا براتا مجومدرا کی ماں بینا کا انتقال 7 اپریل 2015 کو کولکتہ کے ایک نجی نرسنگ ہسپتال میں ہوا تھا، لیکن مجومدرا نے اپنی ماں کی آخری رسومات ادا کرنے کے بجائے اس کے اندرونی اعضاء کو نکال کر کیمیکل کی مدد سے لاش کو محفوظ کیا اور گھر میں موجود فریزر میں رکھ دیا۔ اس مقصد کے لیے اس نے آئس کریم اور منجمد خوراک کو محفوظ رکھنے ولا فریزر استعمال کیا۔

مجومدرا کے ساتھ اسی گھر میں مقیم اس کے باپ گوپال سے بھی پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے جبکہ اس کی ماں کی لاش کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مجومدرا نے یہ کام اپنی ماں کی پینشن بند ہو جانے کے ڈر سے کیا اور وہ پچھلے 3 سال سے ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے اپنی ماں کی پینشن حاصل کر رہا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بینک سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے کہ اس نے بغیر کسی تصدیق کے اکاؤنٹ کو 3 سال تک فعال کیوں رکھا۔

مجومدار کی ماں بینا اور اس کا باپ گوپال فوڈ کارپویشن آف انڈیا میں ملازم تھے اور ان دونوں نے 5 سال قبل ہی نوکری چھوڑی تھی۔